عمران خان کا بیان پاک فوج اور عوام کو لڑانے کی سازش ہے ، پی ڈی ایم

 اسلام آباد: پی ڈی ایم قیادت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ ادارے پرسنگین الزام تراشی فوج اور عوام کو لڑانے کی کوشش ہے ۔ پاکستان کو کسی فرد واحد کے تکبر ، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔

پی ڈی ایم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ نفرت، انتقام اور تکبر میں ڈوبا عمران خان مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور عوام سے لڑرہا ہے ، پاکستان کو کسی فرد واحد کے تکبر ، فسطائیت اور آمرانہ رویوں کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔مسلح افواج سمیت قومی اداروں اور ان کی قیادت کے آئینی احترام اور حدود کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔عمران خان نے جلسے میں افواج پاکستان اور اس کی قیادت کیخلاف نفرت پھیلائی اور حساس پیشہ وارانہ امورکو متنازعہ بنایا۔ سنگین بہتان تراشی کا مقصدمعاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرکے پاکستان کو سری لنکا بنانا ہے ۔ ا ن الزامات کا مقصد فوج کے اند ر تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے۔ آئین اور قانون کی طاقت سے اس مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔

پی ڈی ایم کے رہنماوں کاکہناہے کہ مسلح افواج ملک میں سیلاب کے دوران قابل قدر خدمات اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شہادتیں پیش کر رہی ہیں۔ پوری قوم دہشتگردی سے نجات ، معاشی استحکام اور سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے ایجنڈے پر متحد اور یک زبان ہے لیکن ایک تنہا آواز ہر روز قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے جھوٹے پراپیگنڈے سے نفرت پھیلا رہی ہے۔ معیشت کی بحالی سمیت قومی مفادات کے تحفظ کوہر صورت یقینی بنائیں گے ۔

Comments are closed.