سعودی وزیرداخلہ کا دورہ پاکستان،صدر مملکت،وزیراعظم اوروزیرداخلہ سے اہم ملاقاتیں

 اسلام آباد: سعودی وزیر داخلہ ایک روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ۔ دورے کے دوران انہوں نے صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر داخلہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ قریبی تعلقات اور علاقائی سیکیورٹی امور پر تبادلہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

صدر مملکت نے سعودی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بہترین تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ توقع ہے سعودی حکومت سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی رہائی پر غور کرے گی۔ صدر مملکت نے “روڈ ٹو مکہ” پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر داخلہ نے وزیر اعظم عمران خان سےبھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کے فروغ کے لیے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا، وزیر اعظم نے ہر مشکل میں پاکستان ساتھ دینے اور حالیہ مالیاتی مدد پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیاء کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے برادر ملک کی سلامتی اور خود مختاری کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ توقع ہے معاہدے کے فریم ورک کے تحت سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کو جلد پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔ سعودی وزیر داخلہ نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ رشتے میں بندھے ہیں۔ پاک، سعودی عرب تعلقات قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی مستقل روایت پر مبنی ہیں۔

سعودی وزیرداخلہ نے وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان روابط مزیدمضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ سعودی وزیر دا خلہ ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ، ائیر پورٹ پر وزیر دا خلہ شیخ رشید نے انہیں الوداع کیا۔

Comments are closed.