پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا 15 اگست سےتعلیمی ادارےکھولنے کا اعلان

اسلام آباد: آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے ستمبر میں اسکولز کھولنے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 15 اگست سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ اور چھ ماہ سے تعلیمی ادارے بند ہیں جس سے بچوں کا نقصان ہو رہا ہے، ہم پندرہ اگست سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولیں گے۔

پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر ہدایت خان کا کہنا تھا کہ کورونا زوال پذیر ہو گیا ہے کیسز کم ہو گئے ہیں، حکومت سے مذاکرات بھی کئے گئے مگر ہماری بات نہیں سنی گئی، حکومت نے اگر ہمارے اداروں پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی تو ہم ملین مارچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی لوگ نا اہل ہیں، ہم تحریک چلائیں گےتو حکومت دھڑام سے گر جائے گی، ہم ایس او پیز بنا کر اسکولز کھولیں گے، مدارس تو کھل گئے ہیں اور انہوں نے تو امتحانات بھی کرائے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وباء کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے 15 ستمبر کو ملک کے اسکول، کالج اور یونیورسٹیز کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments are closed.