صادق سنجرانی چئیرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے،حکومتی اتحاد

اسلام آباد:حکومت نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہی دوبارہ عہدے کے لیے اپنا امیدوار برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ صادق سنجرانی نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا ا غاز کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنی ٹوئٹ میں بتایاکہ وزیر اعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو ہی دوبارہ چیئرمین سینیٹ کے لئے حکومتی امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات بھی ہوئی ہے جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر اسد قیصر نے صادق سنجرانی کو چئیرمین سینیٹ کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا۔

اپنی نامزدگی کے بعد چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی ٰ کو ٹیلی فون کیا اور موجود سیاسی صورتحال اور چئیرمین سینیٹ کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا۔ چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سینیٹ اجلاس 12 مارچ کو طلب کرلیاگیا ہے ۔ صادق سنجرانی 2018 میں چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے، اپنی مدت کے دوران ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی لائی گئی لیکن اپوزیشن اکثریت میں ہونے کے باوجود کامیاب نہ ہوسکی تھی ۔

Comments are closed.