سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز دورہ پاکستان کے بعد واپس روانہ

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرسے ملاقات کی ہے ۔ ملاقاتوں میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ علاقائی امن و سلامتی ، خطے کی سیکیورٹی صورت حال اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔سعود ی وزیر دفاع نے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ بھی اد اکیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر دفاع کی ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان میں سعودی سفیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات میں وزیراعظم نے خادمین حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز اورسعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا انتظار ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ نشان پاکستان ملنے پر سعودی وزیر دفاع کو مبارکباد بھی دی۔ سعودی وزیر دفاع نے کہاکہ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی وزیر دفا ع نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں۔ دورہ پاکستان پر آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے قبل نور خان ائیربیس آمد پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیا ۔یوم پاکستان میں پریڈ میں شرکت اور ملاقاتوں کے بعد سعود وزیر دفاع وطن واپس روانہ ہوگئے ۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے معز ز مہمان کو نور خان ائیر بیس سے الوداع کیا۔

Comments are closed.