لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل،الیکشن 8 فروری کوہی ہوں گے،سپریم کورٹ

اسلام آباد:لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل ،سپریم کورٹ کا آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات آٹھ فروری کوہی کرانے کا حکم دیتے ہوئے  الیکشن کمیشن کوفوری الیکشن شیڈول جاری کرنے کرنے کی ہدایت کردی ۔ عدالت نے حکم دیاکہ الیکشن کمیشن ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ روکنے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے ،کوئی بھی جمہوری عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا۔ سپریم کورٹ کاالیکشن کمیشن آف پا کستان کو آج ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم ، لاہور ہائیکورٹ کے جج کے خلاف توہین عدالت کی   کارروائی کا بھی عندیہ  دےدیا۔

الیکشن کمیشن کی درخواست پر چیف جسٹس قاضی فائزعیسی کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ معطل کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کوعمیر نیازی کی درخواست پر مزید کارروائی سے روک دیا اور حکم دیاکہ کیس کی مزید سماعت اب سپریم کورٹ میں ہوگی ، لاہور ہائیکورٹ کیس کاریکارڈ سپریم کورٹ پیش کرے ۔عدالت نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بھی نوٹس جاری کر دئیے ۔سپریم کورٹ نے اپنے حکمنامے میں کہاہے کہ الیکشن کمیشن ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ روکنے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے ،کوئی بھی جمہوری عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا، عمیر نیازی کی درخواست تو سپریم کورٹ کے حکم کی توہین ہے، درخواست گزار اور جج دونوں نے سپریم کورٹ فیصلے کو نظرانداز کیا ۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن افسران اور ڈپٹی کمشنرز انتخابات نہ کرائیں تو کون کرائے گا،بادی النظر میں اس درخواست کا مقصد انتخابات ملتوی کرانا ہی نظر آتا ہے،سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ کوئی بھی جمہوری عمل میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا، کل وہ کہیں گے عدلیہ پر بھی اعتماد نہیں ہے۔ کیاعمیر نیازی کی ایک درخواست پر پورے ملک میں انتخابات روک دیں۔ ۔ عدالتی استفسار پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن معطل کیا تھا اس لیے شیڈول جاری نہیں کر سکے ۔ عدالت نے کہاکہ ابھی وقت ہے ،جاکر انتخابی شیڈول جاری کریں۔۔کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔

Comments are closed.