ملک بھر میں انتخابات 8 فروری 2024کو ہوں گے ،سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو آٹھ فروری دوہزار چوبیس کو ملک میں عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دے دیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا نوٹیفکیشن اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی دستخط شدہ دستاویز سپریم کورٹ میں پیش ،عدالت عظمی ٰ نے حکمنامے کے ساتھ انتخابات سے متعلق تمام درخواستیں نمٹا دیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری  کر دیا گیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نوے روز میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل نے انتخابات کی تاریخ سے متعلق صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کے درمیان ملاقات کے میٹنگ منٹس پیش کیے ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ صدر مملکت نے دستخط کیوں نہیں کیے، ہم ایسی کوئی اسپیس نہیں چھوڑنا چاہتے جس سے کل کوئی یہ کہے کہ میں نے دستخط نہیں کیے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ صدر نے اپنی رضامندی کا خط الگ سے دیا ہے، اس کے بعد صدر ہاوس کے گریڈ 22 کے افسر کے دستخطوں سے جواب جمع کروایا دیاگیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ صدر اور الیکشن کمیشن کی اعلان کردہ تاریخ پر بلاتعطل انتخابات ہوں، عام انتخابات کی تاریخ کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو چکا ہے، 8 فروری کو انتخابات کرانے پر کسی فریق کو اعتراض نہیں ہے،لہذا وفاقی حکومت 8 فروری 2024 کو انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے اور انتخابی شیڈول کا اعلان کرے۔ عوام کو منتخب نمائندوں سے دور نہیں رکھا جاسکتا، امید کرتے ہیں ہر ادارہ پختگی اور سمجھ کے ساتھ چلے ۔سپریم کورٹ کا کہنا تھا غیر آئینی طور پر اسمبلی تحلیل کرنا غداری کے زمرے میں آتا ہے، سماعت کے بعد عدالت نے حکمنامے کے ساتھ انتخابات سے متعلق تمام درخواستیں نمٹا دیں۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک میں 8 فروری 2024کو انتخابات کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیاہے ۔الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیاہے۔

Comments are closed.