اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں محسن حبیب کی عدم گرفتاری پر کہا ہے نیب کا آنگن ہی ٹیڑھا ہے، بااثر کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئے کوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا ، نیب سے اللہ ہی پوچھے گا ۔ عدالت نے ملزم کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
این آئی سی ایل کرپشن کیس سماعت کے دوران ملزم محسن حبیب کی عدم گرفتاری پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ محسن حبیب کو گرفتار کیوں نہیں کیا گیا ؟ اتنا بڑا کیس ہے اور وہ آرام سے گھوم رہا ہے ، نیب پراسیکیوٹر نے بتایا محسن حبیب کو نیب نے طلب کیا تھا ۔
جسٹس گلزار احمد نےکہا نیب نے ان کو چائے پلائی اور کیک کھلائے ہوں گے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے دلیل دی کہ سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ ان کو گرفتار نہ کیا جائے ۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا سپریم کورٹ کا حکم صرف دو دن کیلئے تھا۔
جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے نیب کو آخر تکلیف اور پریشانی کیا ہے ، نیب کیا کر رہا ہے ؟ نیب کی ہر چیز میں گڑ بڑ ہے ، بااثر افراد پر ہاتھ ڈالنے سے ڈرتے ہیں ، کرپٹ لوگ ملک لوٹ کر کھا گئےکوئی ان پر ہاتھ نہیں ڈالتا ، نیب سے اللہ ہی پوچھے گا، کیا کوئی ادارہ نہیں جو نیب کا آڈٹ کرے۔ عدالت نے حکم دیا کہ نیب پراسیکوٹر جنرل اور محسن حبیب آئندہ ہفتے اگلی سماعت پر پیش ہوں۔
Comments are closed.