سیکیورٹی فورسز کا نوشکی اورپنجگورمیں آپریشن،13 دہشتگرد ہلاک ،7 فوجی جوان شہید

 راولپنڈی : بلوچستان کے اضلاع نوشکی اورپنجگورمیں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 13 دہشتگرد مارے گئے۔شدید لڑائی کے دوران ایک افسر سمیت سات فوجی جوان جام شہادت نوش کرگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے نوشکی میں چھپے دہشتگردوں کے خلاف آپر یشن کیا جس میں مزید 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ ان دہشتگردوں کی ہلاکت کے بعد نوشکی میں مارے گئے دہشتگردوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے ایک افسرسمیت 4 فوجی جوان بھی جام شہادت نوش کر گئے ۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز کا پنجگور میں فرار ہونے والے دہشت گردوں کےخلاف بھی آپریشن جاری ہے جہاں اب تک 4 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ پنجگور میں شدید لڑائی کے دوران 3 فوجی جوان شہید جبکہ 4 زخمی بھی ہوئے ۔مارے گئے دہشتگردوں کے زیراستعمال اسلحہ،جوتے اورکپڑے امریکی ساختہ ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشتگردوں کوبھارت اورافغانستان سے کنٹرول کیا جارہا تھا تاہم خفیہ ایجنسیوں نے افغانستان اوربھارت میں دہشتگردوں اور ان کے ہینڈلرز کے رابطے توڑ دئیے ہیں۔

Comments are closed.