اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل میں ہم امن اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں۔دنیا آج افغانستان میں قیام امن کیلئے ہماری کوششوں کو سراہارہی ہے۔افغانستان کا امن پاکستان کے ساتھ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ اگلے چند ہفتے اورمہینے نہایت اہم ہیں جن میں معاملات سلجھ بھی سکتے ہیں اور بگڑ بھی سکتے ہیں۔افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کا عمل 50فیصد تک مکمل ہو چکا ہے، افغان قیادت پرذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس صورتحال کی نزاکت کو سامنے رکھے اور مل بیٹھ کر افغان مسئلے کا سیاسی حل نکالیں۔ جنگ و جدل سے افغانستان میں پہلے ہی بہت نقصان ہو چکا ہے، افغانستان میں خانہ جنگی یا 90 کی دہائی جیسے حالات افغانوں کیلئے مزید نقصان دہ ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئے ہوئے افغان دانشوروں کے وفد سے ملاقات ہوئی ہے،افغان قیادت سے طے ہوا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے،ہم بھی افغانستان یا کسی بھی ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کی اجازت نہیں دینگے، اگر دونوں اطراف اس کا احترام کرتے ہیں تو یہ دونوں کیلئے آسانی کا باعث ہو گا۔
Comments are closed.