شاہ محمود قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ،جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

 اسلام آباد:عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی کے تیس روزکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ انہیں جھوٹے مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کومقدمات میں ڈسچارج کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی گئی۔

پراسیکیوشن ٹیم نے موقف اختیا رکیاکہ شاہ محمود قریشی نے نو مئی کو عوام کو احتجاج کے لئے اکسایا،مکمل تفتیش کے لئے 30 دن کا جسمانی ریمانڈ دیاجائے ۔وکیل صفائی نے کہا کہ یہ جھوٹا اور انتقامی کیس ہے ،چالان پیش ہونے کے بعد جسمانی ریمانڈ کیسے دیا جا سکتاہے جبکہ پورے چالان میں شاہ محمود قریشی کا نام ہی نہیں۔دوسری جانب سات تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی عدالت پہنچے اور شاہ محمود قریشی کی مزید 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالتے ہوئے استدعا کی کہ تمام مقدمات میں ایک ساتھ تفتیش کی اجازت دی جائے۔ شاہ محمود قریشی کوجی ایچ کیو، آرمی میوزیم حملہ، حساس ادارہ دفتر حملہ اورمیٹرو بس اسٹیشن جلانے سمیت تمام مقدمات میں ملزم نامزد کیا گیاہے ۔

اس موقع شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں آبدیدہ ہوگئے اور بتایا کہ انہیں جھوٹے مقدمہ میں پھنسایا گیا ہے ، جی ایچ کیو حملہ کیس بھی مجھ پر ڈال دیا ، قرآن پاک پر حلف دیتا ہوں، 9 مئی کو کراچی میں تھا۔عدالت نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو بعد ازاں سنایاگیا۔

Comments are closed.