وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج تین روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارت جائیں گے، اماراتی ہم منصب سمیت یو اے ای کی دیگر قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں شاہ محمود قریشی دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، پاکستانیوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع بڑھانے پر بات کرینگے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے دورے کے دوران اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زیدالنیہان و دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، یو اے ای میں موجود پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ملازمتوں کے مواقع پربھی بات ہوگی، ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے ملاقات اور مقامی و بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو بھی کریںگے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات مضبوط برادرانہ تعلقات سے جڑے ہیں، جن کی بنیاد مذہب، مشترکہ تاریخ اور اقدار ہیں۔ اس طرح کے اعلیٰ سطح کے دورے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے اور تعلقات مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار اداکرینگے۔
Comments are closed.