مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو حق نمائندگی دینے کا نیا فارمولا پیش کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں 5 سے7 اور سینیٹ میں 2 نشتیں مختص کرنے کی تجویز دے دی۔
شہباز شریف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تارکین وطن کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے، ان نشتوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کرطے کریں، سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے،اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ اسی سوچ کےتحت آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کیلئےنشستیں مختص کی گئی ہیں، (ن) لیگ جمہوری سوچ اوراصولوں کےتحت بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ووٹ کےحق کی حمایت کرتی ہے، بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں، بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخرہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیزکمیونٹی کے پاکستان میں درپیش تمام مسائل کا فوری، منصفانہ اور جائز حل ہونا چاہئے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیدادوں کا قبضہ چھڑانے سمیت ان کے سرمایہ کے فروغ اور تحفظ تک تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، ان کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہیں، پاکستان آنے جانے کے دوران ان کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ان مقاصد کے حصول کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے، آئندہ بھی جاری رکھیں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اوورسیزپاکستانیوں کی حوصلہ افزائی اور قدر کی ہے، ہمارے دورِ حکومت میں وفاق میں اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن میں ٹھوس اصلاحات کی گئیں، صوبہ پنجاب میں اوورسیزکمیشن قائم کیا گیا جس کے ذریعے 36 اضلاع میں رول ماڈل پروگرام تشکیل دیا گیا۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مدد کو یقینی بنانا تھا، پاکستان مسلم لیگ (ن) اورسیز کمیونیٹی کو ایوانِ اقتدار میں حقِ نمائندگی دینے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم بیرونِ ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
Comments are closed.