وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کہیں نہیں جارہے، وہ اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریں گے، جوڈو کراٹے کرکے اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، لیکن ہم حالات کا خندہ پیشانی سے سامنا کر رہے ہیں، پوری کوشش ہے کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے، انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات کے باعث پاکستان میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں بڑھیں جس سے پاکستان بھی متاثر ہوا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جوڈو کراٹے کرکے اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھودے گی، اپوزیشن والے گزشتہ سال دسمبر سے کہہ رہے ہیں عمران خان گئے، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کہیں نہیں جارہے، حکومت کو 3 سال سے زائد عرصہ ہو گیا ہے اور 5 سال پورے کریں گے، عمران خان خوش قسمت ہیں جن کو نالائق،نااہل اور نکمی اپوزیشن ملی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ گزشتہ روز فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ میدان میں جس انداز میں فوج کے حوالے سے بات کی گئی ہے وہ صحیح نہیں، فوج کو دھوبی گھاٹ، چوک اور چوراہوں میں ڈسکس نہیں کرتے، جب فوج کے بارے میں چوک اور چوراہوں پر باتیں کی جائیں گی تو سیاست میں بھی ان کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا، ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف پلان کرکے لندن گئے، جس طرح وہ گئے ہیں انہیں خون کے آنسو رونے کی ضرورت نہیں ہے، وہ خون کے نہیں مگر مچھ کے آنسو رو رہے ہیں، اور اگر وہ خون کے آنسو رو رہے ہیں تو یہ ان کے لئے واپسی کا بہترین وقت ہے، جس طرح وہ 24 گھنٹے میں لندن گئے۔
Comments are closed.