وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور چین کے وزیر برائے عوامی تحفظ زاؤ کیذہی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، داسو بس حادثے میں اب تک ہونے والی انکوائری میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد اور چینی وزیر برائے پبلک سکیورٹی زاؤ کیذہی کے درمیان ٹیلیفون رابطہ ہوا، دونوں وزراء کے درمیان داسو ہائیڈرو پاور بس حادثے سے متعلق بات چیت ہوئی، وزیر داخلہ شیخ رشید نے بدقسمت بس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شیخ رشید اور چینی وزیر نے داسو بس حادثے میں اب تک ہونے والی انکوائری میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا، دونوں وزرا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کوئی بھی شرپسند طاقت پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب نہیں کرسکتی۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین آزمودہ دوست اور آہنی بھائی ہیں، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بس حادثے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات بہت جلد مکمل کرلیں گے، چینی تحقیقاتی ٹیم کو مکمل تعاون فراہم کررہے ہیں، پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی ورکرز کو فُول پروف سکیورٹی دینگے۔
چینی وزیر زاؤ کیذہی کا کہنا تھا کہ چینی صدرشی جن پنگ کی ہدایت پر بس حادثے کی تحقیقات کے حوالے سے پیش رفت معلوم کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے، واقعے میں دونوں ملکوں کے شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔
Comments are closed.