وفاقی کابینہ میں ایک بار پھرردوبدل۔۔شیخ رشید کو وفاقی وزیربرائے داخلہ بنا دیا گیا

اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر ردوبدل کر دیا گیا، شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیر برائے داخلہ مقرر جب کہ اعظم خان سواتی کو وزارت ریلوے کا قلمدان سونپ دیاگیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی شیخ رشید احمد کو اہم حکومتی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپنی ٹیم میں ردوبدل کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کو وفاقی برائے داخلہ مقرر کر دیا ہے، ان کی جگہ اعظم خان سواتی کو وزارت ریلوے کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات مقرر کیا گیا ہے جب کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر برائے خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں کی جانے والی ان اہم تبدیلیوں پر اپنی ٹیم کو اعتماد میں لے لیا ہے۔

شیخ رشید احمد پہلی مرتبہ 1991 میں نواز شریف کابینہ میں وزیر صنعت بنے اور وزارت ثقافت بھی ان کے پاس رہی۔ نواز شریف کے دوسرے دور  میں شیخ رشید کو کھیل، ثقافت ،سیاحت، امور نوجوانان، محنت و افرادی قوت اورسمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کے  قلمدان سونپے گئے۔

شیخ  رشید 2002 میں وزیر اعظم جمالی کے وزیراطلاعات رہے اور  پھر شوکت عزیز کی کابینہ میں بھی وزیرریلوے اور وزیراطلاعات رہے۔ پی ٹی آئی آئی کےاتحادی بنے توعمران خان نے2018 میں شیخ رشید کو وزیرریلوے اوراب  وفاقی وزیرداخلہ بنا دیا۔ سیاسی سفرمیں شیخ رشید کی یہ 15 ویں وزارت ہے۔

Comments are closed.