لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت شہداء آبائی علاقوں میں سپرد خاک

راولپنڈی :  وادی تیراہ میں گزشتہ روز شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور دیگر تین شہدا ء کونماز جنازہ کے بعد آبائی علاقوں میں سپر د خاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں نگران وزراعظم انوار الحق کاکڑ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت اعلی سول و عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت،نماز جنازہ کے بعد شہدا کوپورے فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی جسکے بعد انہیں پورے فوجی اعزار کیساتھ اسلام آباد میں سپرد خاک کر دیاگیا۔

31 سالہ نائیک خوشدل خان کی نماز جنازہ لکی مروت میں ،27 سالہ نائیک رفیق خان کی چارسدہ میں جبکہ 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر کی نماز جنازہ مری میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں پاک فوج افسران، جوان اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہناہے کہ شہداء کی یہ قربانیاں پاک فوج کے عزم اور حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں ۔ دہشتگردوں کیخلاف جاری جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

Comments are closed.