اسلام آباد: مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ معیشت درست سمت جارہی ہے، عالمی مارکیٹ میں پٹرول، خوردنی تیل اور ایل این جی سستی ہونے کے فوائد عوام تک پہنچیں گے، بس قوم نے گھبرانا نہیں ۔
اسلام آباد میں مشیر تجارت کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ،مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہاکہ آئندہ ماہ مہنگائی کم ہو جائے گی، روپیہ انڈر ویلیو ہونے کے باعث ڈالر کی قدر بڑھی، افغان حالات کے باعث ایکسچینج ریٹ میں فرق آیا، ڈالر کی رئیل ویلیو 166 روپے تک ہے، انہوں نے کہاکہ منی بل آرڈیننس سے نہیں پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد لایا جائے گا، معیشت درست سمت میں ہے، ٹیکس آمدن بڑھ رہی ہے۔
صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں مشیر خزانہ کاکہنا تھاکہ سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر آئندہ ہفتے منتقل ہو جائیں گے جبکہ ایک ارب ڈالر سے سکوک بانڈز کا اجرا بھی کیاجائے گا۔ ترقیاتی بجٹ میں 200 ارب روپے کی کٹوتی کی جائے گی، ایف بی آر نے پراپرٹی کی جو ویلیو لگائی ہے، اس کا بھی ازسرنو جائزہ لیں گے۔
مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول اورخوردنی تیل مہنگا ہونے، ویکسین کی خریداری کی وجہ سے درآمدی بل 1.5 ارب ڈالر بڑھا۔برآمدات میں اضافے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.