پاکستانی ہائی کمشنر کی بھارت روانگی سے قبل وزیر خارجہ سے اہم ملاقات

اسلام آباد: بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنرسہیل محمود نے بھارت روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور موجودہ صورتحال میں بہتری کا خواہاں ہے، پاک بھارت تعلقات میں بہتری سے خطے میں امن کو استحکام حاصل ہوگا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے بھارت میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے وزارت خارجہ اسلام آباد میں ملاقات کی۔ جس میں پاک بھارت تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور موجودہ صورتحال میں بہتری کا خواہاں ہے، براہ راست رابطے اس ضمن میں اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 14 مارچ کو دونوں ممالک کرتار پور راہداری پر مشاورت کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری سے خطے میں امن کو استحکام حاصل ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود مشاورت کے اختتام پر نیو دہلی روانہ ہو جائیں۔

Comments are closed.