مشہور بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کی تلاش میں جانے والی سیاحتی آبدوز لاپتہ

مشہور برطانوی بحری جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کو تلاش کرنے کے لیے سیاحتی مہم پر جانے والی آبدوز لاپتہ ہو گئی ہے۔

اوشئن گیٹ ایکسپیڈیشن نامی کمپنی نے پیر کو ایک مختصر بیان میں کہا کہ وہ سیاحتی مہم پر جانے والی آبدوز پر سوار افراد کو بچانے کے لیے “تمام آپشنز کو بروئے کار” لا رہے ہیں۔ امریکی کوسٹ گارڈ نے فوری طور پر معاملے کے حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق کوسٹ گارڈ نے آبدوز کی تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کتنے لوگ لاپتہ ہیں۔

ایک بیان میں اوشئن گیٹ نے کہا ہے کہ  وہ آبدوز سے رابطہ بحال کرنے کی کوششوں میں متعدد سرکاری ایجنسیوں اور گہرے سمندر کی کمپنیوں سے موصول ہونے والی وسیع امداد کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ کمپنی اس وقت 2023 کا اپنا پانچواں ٹائی ٹینک “مشن” چلا رہی ہےجو گزشتہ ہفتے شروع ہو کر جمعرات کو اختتام پذیر ہونا تھا۔ مہم کی لاگت فی شخص اڑھائی لاکھ امریکی ڈالر ہے، یہ سیاحتی مہم سینٹ جانز، نیو فاؤنڈ لینڈ میں شروع ہو کر بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک ملبے کے مقام تک تقریباً 400 میل (640 کلومیٹر) کا سفر طے کر کے ملبے کو دیکھنے کے لیے اس مقام پر جاتے ہیں۔تاریخی بحری جہاز کا ملبہ دیکھنے کے لئے پانچ سب میرین میں بیٹھ کر 12 ہزار 600 فٹ گہرائی میں جاتے ہیں اور وہاں تک پہنچنے کے لئے 2 گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی مسافر بردار جہاز ٹائی ٹینک 1912 میں اپنے پہلے سفر کے دوران ایک آئس برگ سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گیا تھا، جس میں 1500 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ کہانی کو نان فکشن اور فکشن کتابوں کے ساتھ ساتھ 1997 کی بلاک بسٹر فلم “ٹائٹینک” میں بھی دکھایا گیا ہے۔

Comments are closed.