سید ارشدحسین کی بھارتی قید میں محمد اشرف صحرائی کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت

پاکستان کشمیریوں پرظلم کرنیوالےبھارت سےدوستی کی پینگیں نہ چڑھائے، صدر کشمیرسولیڈیریٹی کونسل کینیڈا

کشمیر سولیڈیریٹی کونسل کینیڈا کے صدرسید ارشد حسین نے سینئر حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

صدر کشمیر سولیڈیریٹی کونسل نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور بالخصوص کینیڈا کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ رکوانے کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

سید ارشد حسین کا کہنا تھا کہ محمد اشرف صحرائی تحریک آزادی جموں و کشمیر کے عظیم رہنما تھے، انہوں نے کشمیری قوم اور تحریک آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دیں،کشمیری اپنے عظیم رہنما کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ کشمیری کئی دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔

سید ارشد حسین نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کو دیکھتے ہوئے مودی سرکار سے دوستی اور محبت کی پینگیں بڑھانے سے گریز کرے بلکہ بھارتی حکومت کو مقبوضہ وادی میں جاری مظالم روکنے پر مجبور کیا جائے۔

Comments are closed.