وزیرخارجہ اور اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل میں رابطہ۔۔افغان امن عمل،مسئلہ کشمیر پر بات چیت

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں کورونا کی عالمی وباء، مسئلہ جموں و کشمیر اور افغان امن عمل سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں کوروناوائرس، وباء کے بعد اقتصادی بحالی، ترقی پذیر و غریب ممالک کو قرضوں میں ریلیف دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شاہ محمود قریشی اور انتونیو گوتریس نے مسئلہ جموں وکشمیر، افغان امن عمل اور ترقی پذیر ممالک کے لئے ویکسین دستیابی سے متعلق بھی زیر بحث رہے، عالمی وباء کے مشکل دور میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے انتونیو گوتریس کی دوبارہ سیکرٹری جنرل کے لئے دستیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہیں پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امور کی انجام دہی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کو اقوام متحدہ کا بنیادی شراکت دار قرار دیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل کے صدر کی حیثیت سے پاکستان کے سماجی اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کی ترویج کے لئے کردار کی تعریف کی۔

انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے حوالے سے کوششوں سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان امن عمل کے تمام شراکت داروں کو تاریخی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وسیع، جامع سیاسی حل کے لئے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی اور اس تمام تر عمل کو شر پسند عناصر سے محفوظ بنانا ہوگا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کیلئے بامقصد بات چیت کے ذریعے افغان امن عمل کے جاری رہنے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.