آرمی چیف کی تقرری دو تین روز میں ہو جائے گی،وزیر دفاع

عمران خان اقتدار حاصل کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں، عمران خان کو چار سال ایک ادارے نے غیرمشروط سپورٹ کیا، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں صرف کرپشن کی، عمران خان اقتدار کے غم میں پاگل ہو گئے ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 75 سال بعد ایک ادارہ نیوٹرل رہنا چاہتا ہے تو اس میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے، ادارہ اپنا آئینی کردار ادا کر رہا ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج پورا دن ایک خبر چلتی رہی اور پوری قوم میں بے چینی رہی، عمران خان اداروں کو غیرآئینی اقدامات کے لیے اکسا رہے ہیں، ریاستی ادارے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان اقتدار حاصل کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں، عمران خان کو چار سال ایک ادارے نے غیرمشروط سپورٹ کیا، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں صرف کرپشن کی، عمران خان اقتدار کے غم میں پاگل ہو گئے ہیں۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، اہم تعیناتی پر ملک میں ایک ہیجان برپا کیا ہوا ہے، وزیراعظم کا خط وزارت دفاع کو موصول ہوگیا ہے، یہ خط جی ایچ کیو کو بھیج دیا گیا ہے، امید ہے 2،3 روز میں تعیناتی کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، تقرری کا عمل مکمل ہوتے ہی ہیجان ختم ہو جائے گا۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اس کے بعد عمران خان کے ساتھ دو دو ہاتھ کر لیں گے، توشہ خانہ سے سب نے تحفے لیے ہیں لیکن عمران خان واحد آدمی ہے جس نے توشہ خانہ کے تحائف بیچ دیے، عمران خان نے بھارت سے ملنے والا گولڈ میڈل بھی بیچ دیا، عمران خان نے لفظ نیوٹرل کو طعنہ بنا دیا۔عمران خان اپنی ناکامیو ں کا ملبہ اداروں پر مت ڈالیں، ریاستی ادارے اپنا آئینی کردار ادا کرر ہے ہیں، عمران خان کا نظریہ ہے کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے کام کے بجائے دوسروں کو چور چورکہو۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان تسلیم کر چکے ہیں کہ عدم اعتماد میں کوئی بیرونی سازش نہیں تھی، عمران خان نے بیرونی سازش اور امپورٹڈ حکومت کے اپنے بیانیے پرخود ہی یوٹرن لیا، ہماری طرح عدلیہ کی تاریخ بھی قابل فخر نہیں ہے۔

Comments are closed.