اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے غیراخلاقی اور نامناسب ویڈیو مواد کی تشہیر پر پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی کی تصدیق کی گئی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک انتظامیہ کو غیراخلاقی مواد ہٹانے اور مستقبل میں ایسے مواد کی تشہیر کو روکنے کیلئے مناسب وقت دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے مکاتب فکر کی جانب سے موصول شکایات سامنے آنے کے بعد رواں برس 28 اگست اور 24 ستمبر کو ٹک ٹاک انتظامیہ کو انتباہی خطوط لکھے گئے، پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو فائنل نوٹس اور جواب داخل کرانے کی مہلت دی تھی۔
ٹک ٹاک کی جانب سے شکایات کا ازالہ نہ کرنے پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ویڈیو شیئرنگ ایپ پر پابندی عائد کر کے اس کی انتظامیہ کو باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک سے غیراخلاقی مواد ہٹانے اور مناسب اقدامات اٹھانے پر پابندی کےفیصلے پرنظرثانی کی جاسکتی ہے۔
Comments are closed.