کراچی سمیت پاکستان کے ساحلی علاقوں پر چھایا سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا

کراچی میں ممکنہ سمندری طوفان تاوکتے کا خطرہ ٹل گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت ملک کے کسی ساحلی علاقے کو سمندری طوفان سے براہِ راست کوئی خطرہ نہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تاوکتے سمندری طوفان زورپکڑ رہا ہے لیکن یہ پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہوکر گزرے گا، جس کے بعد پاکستان میں سمندری طوفان کاخطرہ کم ہونے لگا ہے، کراچی سمیت پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو سمندری طوفان سے براہِ راست کوئی خطرہ نہیں، لیکن اس کے اثرات ہیٹ ویو اور گرد  آلود ہواؤں کی شکل میں سامنے آنے لگے ہیں۔سمندری طوفان کا کراچی سے فاصلہ اب 1210 کلومیٹر ہے۔

موسم کا حال جاننے والوں نے  بتایا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان اگلے چند گھنٹوں میں شدید ترین سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے، اور سمندری طوفان کے تیور بتارہے ہیں کہ سندھ کے متعدد اضلاع میں 17 سے 20 مئی تک 70 سے 90 کلو میٹر کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ تیز آندھی اوربارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ’تاوکتے طوفان‘ انتہائی شدید شکل اختیار کرسکتا ہے، اور اس کا رُخ بتدریج شمال مغرب میں بھارتی گجرات کی جانب رہے گا، اُدھر سمندری طوفان کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں اور محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جُزوی ہیٹ ویو کا آغاز ہوگیا ہے، شہر میں سمندری ہوائیں چلنا بند ہوگئی ہیں، یہ سمندری ہوائیں  2 سے 3 روز تک بند رہ سکتی ہیں۔البتہ شہر میں  گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔

Comments are closed.