بیرون ممالک سے ملازمتیں چھوڑ کر پاکستان آنے والے معاونین خصوصی تانیہ ایدروس، ظفر مرزا مستعفی

 اسلام آباد: بیرون ممالک سے نوکریاں چھوڑ کر پاکستان آنے والے دو معاونین خصوصی مستعفی ہو گئے، وزیراعظم  نے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایس ایدروس کے استعفے منظور کر دیئے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری الگ الگ بیانات میں ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس نے مستعفی ہونے کی تصدیق کی۔وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے اپنے استعفے کی کاپی شیئر کی ہے۔

استعفے میں تانیہ ایدروس نے لکھا ہے کہ رواں برس کے آغاز سے پاکستان کیلئے خدمات انجام دینا باعث عزت ہے، وزیراعظم کے اعتماد پر ان کی شکر گزار ہوں۔ صرف اور صرف پاکستان کی خدمت اور وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے وطن آئی۔

وزیراعظم کو بھجوائے گئے استعفے میں تانیہ ایدروس نے مزیدکہاہے کہ میری کینیڈا کی شہریت پرتنقید کی جارہی ہے جو کہ میری خواہش پر نہیں بلکہ میری پیدائش وہاں ہونے پر مجھے ملی۔

ان کا کہنا میری دوہری شہریت کی وجہ سے ڈیجٹل پاکستان کا مقصد ماند پڑ رہا ہے۔ تانیہ ایدروس کاکہنا ہےکہ وہ پاکستانی ہیں اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گی بلکہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام بھی جاری رکھیں گی۔

دوسری جانب ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوانے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں عمران خان کا ڈبلیو ایچ او چھوڑنے کے حوالے سے ذاتی طور پر دعوت نامہ ملا تھا، میں نے محنت اور ایمانداری سے کام کیا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنا باعث فخر ہے،مجھے فخر ہے میں تب چھوڑ رہا ہوں جب پاکستان میں کورونا کم ہورہا ہے،کورونا وائرس میں کمی گرینڈ قومی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا کے استعفے منظور کر لئے جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے دونوں کے مستعفی ہونے سے متعلق نوٹیفیکیشنز جاری کر دیئے ہیں۔

Comments are closed.