پاک بھارت بامعنی مذاکرات کیلئے پرامید ہیں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بحالی پر زور دیا ہے اور کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین معنی خیز مذاکرات کے لیے پرامید ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انسانی حقوق کمشنر کی جامع رپورٹ مرتب کر کے اقوام متحدہ نے اپنا کردار نبھایا۔

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے کہا کہ وہ اپنے دفتر کو دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے سلسلے میں پیش کرتے رہے ہیں، لیکن اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے حال ہی میں کشمیر کے حوالے سے  ایک بہت تفصیلی رپورٹ تیار کی ہے، لہذا اقوام متحدہ نے واضح طور پر اپنا کردار نبھایا ہے۔

انٹونیو گوٹریس نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں اپنی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور بھارت معنی خیز مذاکرات کا راستہ اختیار کریں گے۔

Comments are closed.