امریکی محکمہ برائے خوراک و ادویات (ایف ڈی اے) نے ملک میں ہنگامی حالات کے دوران کورونا سے بچاؤ کے لئے فائزر ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
جرمن شراکت دار بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار کی جانے والی فائزر ویکسین کےاستعمال سے کورونا کی بیماری میں 95 فیصد زوداثر ثابت ہوئی ہے، ایف ڈی اے کے مطابق یہ ویکسین 61 سال یا زائد عمر کے افراد اور صحت کے شعبے سے وابستہ اہلکاروں کو لگائی جا سکے گی۔
ایک اندازے کے مطابق امریکا میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی ابتدائی طور پر 29 لاکھ خوراکیں استعمال کی جائیں گی، امریکی کوریئر کمپنیز کی جانب سے ویکسین کی ترسیل کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ایف ڈی اے کی اجازت کے بعد لاکھوں امریکی شہری ویکسین حاصل کر سکیں گے۔
دوسری جانب امریکا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، عالمی وباء کے باعث اب تک امریکا میں 2 لاکھ 95 ہزار افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ نے انسداد کورونا کیلئے فائزر، بائیواین ٹیک کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی اجازت دی تھی، کینیڈا کی جانب سے بھی آئندہ ہفتے سے ویکسین فراہمی کا عمل شروع کیے جانے کی توقع ہے۔
Comments are closed.