امریکا نے روس کی جانب سے آج یوکرین پر حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا

پینٹاگون نے خبردار کیا ہے کہ روسی فوج کی پیش قدمی کو دیکھتے ہوئے قوی امکان ہے کہ روس آج یوکرین پر حملہ کر سکتا ہے۔

امریکی اعلیٰ عسکری حکام کا اہم اجلاس پینٹاگون میں ہوا جس میں روس اور یوکرین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران سینئر دفاعی حکام نے بتایا کہ روس یوکرین پر حملے کیلئے جس حد تک تیاری کر سکتا تھا اس نے کر لی ہے، روسی فوج کے 80 فیصد دستے یوکرین کی سرحد سے 5 سے 50 کلومیٹر کے فاصلے تک پہنچ چکے ہیں، جو کہ یوکرین پر حملے کیلئے تیار ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے 10 سے زائد جنگی بحری بیڑے فوجی دستوں کے ساتھ حملے کی تیاری میں ہیں، موجودہ حالات کے تناظر میں واضح ہے کہ یوکرین پر بڑے پیمانے پر حملہ پیوٹن کا ہدف ہے۔ حکام نے کہا کہ امریکا اس تنازعے کے آغاز سے خبردار کرتا آیا ہے کہ روس کسی بھی دن یوکرین پر حملہ آور ہو سکتا ہے اور ممکن ہے کہ وہ دن آج کا دن ہو۔

Comments are closed.