امریکی صدر جو بائیڈن بدھ (23 مارچ) کو اہم دورے پر یورپ روانہ ہوں گے، یورپی ممالک کے دورے کے دوران صدر بائیڈن اتحادی ممالک کے رہنماؤں سے یوکرین پر روسی حملے کے بعد کی صورتحال اور روس کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھانے سے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ کل بدھ کو یورپ کے دورے پر روانہ ہوں گے، یوکرین پر روس کے حملے کے ٹھیک ایک ماہ بعد امریکی صدر اتحادی ممالک کے سربراہان اور اہم شراکت داروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے امریکی صدر نے لکھا ہے کہ سب سے پہلے وہ بیلجیئم جائیں گے جہاں پر وہ نیٹو اتحادیوں، جی سیون ممالک اور یورپین یونین کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں یوکرین کی امداد وتعاون کیلئے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت ہو گی، اس کے ساتھ ساتھ روس کے خلاف مزید سخت اقدامات اٹھانے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
صدر بائیڈن بیلجیئم کے بعد پولینڈ کا دورہ کریں گے جہاں پر ان کی پولش ہم منصب کے ساتھ ملاقات شیڈول ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال زیر غور آئے گی، امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امید ہے پولش ہم منصب سے یوکرین میں انسانیت اور انسانی حقوق کے ان بحرانوں پر ہمارے ردعمل پر بات ہوگی جو روس نے پیدا کیے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ دورہ یورپ کے موقع پر ہم یہ واضح کریں گے کہ مغرب جمہوریت کے دفاع کے لئے مکمل طور پر متحد ہے، پیوٹن نے سوچا تھا کہ وہ ہمیں تقسیم کر لے گا لیکن ہم (مغرب) حالیہ تاریخ میں پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہیں۔ انہوں نے یوکرین کی حمایت اور مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ پیوٹن اپنے اقدامات کی بھاری اقتصادی چکائے۔
Comments are closed.