امریکا کی فلسطینی علاقے کا صفایا کرنے سے متعلق اسرائیلی وزیرکے بیان کی سخت مذمت

 امریکا نے اسرائیلی وزیرخزانہ کی جانب سے فلسطینی آبادی کو ملیا میٹ کر دینے سے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور انتہائی غیرذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ کے دوران اسرائیلی وزیر خزانہ اور انتہائی دائیں بازو کی مذہبی زائنزم پارٹی کے سربراہ بزالل سماترچ کی جانب بدھ کو فلسطینی مسلمانوں کی آبادی پرمشتمل علاقے ہووارا کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

مقبوضہ مغربی کنارے پر واقعہ قصبے میں دو اسرائیلی بھائیوں کے قتل کے تناظر میں بزالل سماترچ نے اشتعال انگیزبیان میں کہا تھا کہ اسرائیلی حکومت کو مسلم آبادی ہووارہ کو ختم کرنا ہوگا اس سے پہلے کہ (یہودی) عوام اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیں۔ اس بیان کے بعد اسرائیلی یہودی آباد کاروں نے فلسطینی علاقے میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد کارروائیاں کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید جب کہ متعدد زخمی ہوئے، عوامی املاک اور گاڑیاں نظرآتش کر دی گئیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اسرائیلی وزیر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ بیان غیرذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور مکروہ ہے، باقی اشتعال انگیزیوں کی طرح تشدد پر اکسانے والے اس بیان کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور دیگر قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وزیر کے اس بیان کو عوامی سطح پر مسترد کریں۔

Comments are closed.