ہوٹلز،ریسٹورنٹس، ٹرانسپورٹ کے شعبوں کیلئے ویکسینیشن ڈیڈ لائن31 اگست مقرر

حکومت نے ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کو ویکسین لگوانے کیلئے 31 اگست تک کی ڈیڈ لائن دے دی،وفاقی منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بند کر کے وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتے، احتیاط اور ویکسین کورونا کا واحد حل ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ وفاقی وزیر اسدعمر اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کی، ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹےمیں کوروناکی شرح میں اضافہ ہوا، تشویشناک مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی، کراچی میں وباکے پھیلاؤ میں اضافہ نظر آ رہاہے، کورونا کیسز میں اضافے سے اسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ گیاہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیراسد عمر کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں ایس او پیز پر زیادہ عمل نہیں ہو رہا، کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں لے رہے، سندھ حکومت کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، وفاق بھی انسدادکورونا کیلئے سندھ حکومت کیساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بند کر کے وبا کا مقابلہ نہیں کرسکتے، کورونا سے بچنے کا واحد حل صرف احتیاط ہے، ایس او پیز پر عملدرآمدسے وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے، ملک بھر میں ویکسی نیشن مہم بھرپورطریقےسےجاری ہے،وبا سے مکمل طور پر نکلنے کا حل ویکسی نیشن ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے این سی او سی سربراہ  نے کہا کہ یکم اگست سے سنگل ڈوزلگوانےوالے شہری ہوائی سفر کر سکیں گے، جن اساتذہ نے ویکسین نہیں لگوائی وہ یکم اگست سے اسکولوں میں نہیں پڑھاسکیں گے، اسکول ٹرانسپورٹ عملے کیلئے بھی ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کسی کا روزگار متاثر نہ ہو، ملکی معیشت چلتی رہے، 31 اگست کے بعد ویکسی نیٹڈ عملے کے بغیر ٹرانسپورٹ نہیں چل سکے گی، ہوٹلز، ریسٹورنٹس میں کام کرنے والوں کیلئے ویکسی نیشن کی آخری تاریخ 31 اگست ہے۔

Comments are closed.