جج ارشد ملک کی طرح میری کردارکشی کیلئے ویڈیوز تیار کروائی جارہی ہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کا کہنا ہے کہ موجودہ حکمران ٹولے نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو ان کی کردار کشی کے لیے ویڈیوز تیار کررہی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے میزبان و اداکار شان شاہد کی جانب سے سیاست میں مارکیٹنگ کمپنیوں اور ففتھ جنریشن وار سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ  انہیں مافیاز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سب سے بڑا شریف مافیا ہے، وہ ہمیشہ ذاتی سطح پر حملہ کرتے ہیں کیونکہ یہ خاندان گزشتہ 35  برس سے بدعنوانی میں ملوث ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے عید کے بعد ان کے خلاف کردار کشی کی مہم شروع کرنے کی تیاریاں کی ہیں، اب جبکہ عید ختم ہو چکی ہے، آپ دیکھیں گے کہ وہ میری کردارکشی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، شریف خاندان نے ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو مواد تیار کر رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ اربوں روپے کی چوری کا جواب دینے کے بجائے شریف خاندان اب ان کی کردار کشی پر توجہ دے گا۔ عمران خان نے سوال اٹھایا کہ ان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا جرم کیا تھا؟ وہ میری بیوی تھی، اب انہیں فرح خان مل گئی ہے، فرح کا جرم یہ ہے کہ وہ میری اہلیہ بشریٰ بیگم کی قریبی ساتھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان نے ایسی ہی ’ویڈیوز‘ بنا لی ہیں جس طرح سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور مرحوم جج ارشد ملک کی طرح تھی۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ مافیا کا انداز ہے، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ قوم یہ سمجھے کہ اگر آپ کسی کا نام خراب کرنا چاہتے ہیں تو ایسی کمپنیاں ہیں جو آپ کی مدد کر سکتی ہیں۔

Comments are closed.