نیا آرمی چیف کون ہو گا؟وزیراعظم کو6 ناموں کی سمری موصول

جی ایچ کیو نے 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے ناموں کی سمری وزارت دفاع کو بھجوائی،خواجہ آصف کی سمری وزیراعظم آفس موصول ہونے کی تصدیق، وزیراعظم سمری کی روشنی میں نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا تقرر کرینگے،سنیارٹی میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیرسرفہرست،لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد، لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس،لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود،لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کے نام شامل

جی ایچ کیو نے 6 سینئرترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام وزارت دفاع کو بھجوا دیئے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے۔انشاء اللہ باقی مراحل بھی جلد طے ہو جائیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کے بیان کے مطابق جی ایچ کیو کی جانب سے 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام وزارت دفاع کو بجھوا دیئے گئے ہیں،جی ایچ کیو کی سمری کی روشنی میں نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا تقرر کیا جائے گا۔

سمری میں ان افسران کی پروفائل پر مشتمل ڈوزئیر بھی شامل ہے۔اس سمری کی روشنی میں وزیراعظم اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے ایک افسر کا انتخاب کرکے انہیں آرمی چیف نامزد کریں گے۔جبکہ ایک آفیسر کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آفسٹاف کمیٹی تعینات کیا جائے گا۔صدر مملکت وزیراعظم کی سفارشات کی روشنی میں اس نام کی توثیق کرتے ہیں۔سنیارٹی میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر سرفہرست ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیراس وقت کوارٹر ماسٹر جنرل جی ایچ کیو فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ان کا تعلق آفیسرٹریننگ سکول منگلا سے ہے ۔جو 75ویں لانگ کورس سے جونیئر اور 76ویں لانگ کورس سے سینئر ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا،لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کے بعد سنیارٹی لسٹ میں دوسرا نام لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا ہے ،سندھ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے ساحر شمشاد مرزا اس وقت راولپنڈی کور کی کمانڈ کر رہے ہیں۔بلوچ رجمنٹ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی میں عاصم منیر اور ساحر شمشاد مرزا کے بعد آتے ہیں، وہ اس وقت فوج کے اہم ترین عہدوں میں سے ایک یعنی چیف آف جنرل سٹاف کے طور پر تعینات ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود سینیارٹی میں چوتھے نمبر پر ہیں ، اور ایک مضبوط کیریئر کے حامل ہیں، فوج میں انھیں خاص طور پر پاکستان کی مغربی سرحد کا ماہر مانا جاتا ہے۔وہ اس وقت نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر ہیں جبکہ اس سے قبل وہ پشاور کے کور کمانڈر تعینات رہے ہیں۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تعلق بلوچ رجمنٹ سے ہے، وہ کور کمانڈر پشاور فرائض کی انجام دہی کے بعد اس وقت کور کمانڈر بہاولپور خدمات انجام دے رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کانام فہرست میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے بعد آتا ہے۔وہ اس وقت وہ کور کمانڈر گوجرانوالہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے اس سے قبل جی ایچ کیو میں ایڈجوٹینٹ جنرل بھی فرائض انجام دیئے۔

Comments are closed.