چین کی ووہان لیب کے پاکستان میں خفیہ آپریشنز کی خبر جعلی اور حقائق کے برعکس قرار

بے بنیاد خبر کو سیاسی مقاصد کے لئے نامعلوم ذرائع سے جوڑ کر پھیلایا جا رہا ہے، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے ووہان لیب کے پاکستان میں خفیہ آپریشنز کی خبر جعلی اور حقائق کے برعکس قرار دے دی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری میں کچھ خفیہ نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین کی ووہان لیب کے پاکستان میں خفیہ آپریشن سے متعلق خبر بے بنیاد اور جھوٹی ہے، جسے سیاسی مقاصد کے لئے نامعلوم ذرائع سے جوڑ کر پھیلایا جا رہا ہے۔

چین کی وہان لیبارٹری کے پاکستان میں خفیہ آپریشن کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری میں کچھ خفیہ نہیں ہے جس کا خبر میں تذکرہ کیا گیا، حیاتیاتی و زہریلے ہتھیاروں کے کنونشن (بائیولوجیکیل اینڈ ٹاکسن ویپنز کنونشن) کے تحت پاکستان اعتماد سازی کے کے لئے اس لیبارٹری سے متعلق معلومات کا تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ تبادلہ کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان میں موجود یہ  لیبارٹری تحقیق و ترقی کے ذریعے تشخیص اور حفاظتی نظام میں بہتری کے لیے کام کرتی ہے تا کہ عوامی صحت کیلئے ابھرتے خطرات اور بیماریوں کی روک تھام کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بائیولوجیکیل اینڈ ٹاکسن ویپنز کنونشن (بی ٹی ڈبلیو سی) کے تحت اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے نبھا رہا ہے اور اس کنونشن کے رکن ممالک میں مضبوط تصدیقی نظام یقینی بنانے کا حامی ہے۔

پاکستانی لیب کی ساکھ متاثر کرنے کیلئے من گھڑت افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جو کہ کورونا وباء کے تناظر میں مضحکہ خیز ہیں۔ بائیولوجیکیل اینڈ ٹاکسن ویپنز کنونشن (بی ٹی ڈبلیو سی)کے تحت بیماریوں پر قابو پانے اور نگرانی کے شعبوں میں بہتر تیاری اور بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.