یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ، پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

  اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے علی حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل کیس میں یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد کردی  تاہم تحریک انصاف کی درخواست قابل سماعت قرار دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنا یا۔مختصر فیصلے میں کہاگیاہے کہ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کی درخواست سماعت کےلئے منظور کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں ،الیکشن کمیشن اب 22 مارچ کو مزید سماعت کرے گا۔الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک انصاف کو اس سلسلہ میں عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے تین مارچ کو کامیاب ہونے والے تمام 48 سینیٹرز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیا ہے ۔

Comments are closed.