زلمے خلیل زاد آج بھی پاکستان نہیں آئیں گے، دورے کی ری شیڈولنگ جاری

اسلام آباد: امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائےافغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان میں چوتھی بار تبدیلی سے پاکستانی دفترخارجہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے، امریکی سفارتخانے کے مطابق زلمے خلیل زاد آج بھی پاکستان نہیں آئیں گے، ان کے دورہ پاکستان کو ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کی پاکستان آمد میں مزید تاخیر ہے، انہوں نے گزشتہ روز پاکستان پہنچنا تھا تاہم وہ آج بھی اسلام آباد نہیں آئیں گے۔امریکی نمائندہ خصوصی آج بھی کابل میں مصروف دن گزاریں گے۔

زلمے خلیل زاد کے ہمراہ امریکی ڈپٹی وزیرخارجہ ایلس ویلز نے بھی پاکستان آنا ہے،،، زلمے خلیل زاد کے دورے سے متعلق ری شیڈیولنگ جاری ہے۔

 ذرائع کے مطابق امریکی صدرکی معاون خصوصی برائے جنوبی و وسط ایشیا لیزاکرٹس گزشتہ روز پاکستان پہنچیں تھیں، ان کی تاحال دفترخارجہ میں کوئی ملاقات شیڈول نہیں کی گئی۔ امریکی سفارتخانے کی جانب سے زلمے خلیل زاد کے دورےکے شیڈیول میں چوتھی بارتبدیلی سے متعلق دفترخارجہ کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جس پر دفترخارجہ حکام نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

 زلمے خلیل زاد، ایلس ویلز اور لیزا کرٹس کی ایک ساتھ ہی وزارت خارجہ میں پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرائی جائیں گی۔

Comments are closed.