اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی ناظم الامورکودفتر خارجہ طلب کرکے صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات پراحتجاج ریکارڈ کرایا۔سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو صدرٹرمپ کے حالیہ بیانات اور الزامات پرمایوسی ہوئی ہے، اس قسم کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی بے بنیاد ہے ناقابل قبول ہے امریکی بیانات اور الزامات افغانستان میں جنگ کے خاتمے اورمفاہمتی عمل کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی خفیہ اطلاعات پر ہی امریکہ نے اسامہ بن لادن کا کھوج لگایا، اسامہ بن لادن کے حوالے سے لگائے گئے الزامات بےبنیاد ہیں۔ پاکستان سے بڑھ کر کسی دوسرے ملک نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں نہیں دیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی بہت بھاری قیمت ادا کی، القاعدہ کی لیڈرشپ کو پکڑنے میں پاکستان کی کاوشوں کو امریکہ نے بارہا تسلیم کیا۔
سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے لیے پاکستانی کوششیں بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ امریکہ کو یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہئیے کہ القاعدہ کی اعلیٰ قیادت پاکستان کے تعاون کے باعث پکڑی یا ماری گئی۔ پاکستان نے افغان جنگ کے لیے اپنی فضائی زمینی اور سمندری راستے فراہم کے۔ پاکستان امریکہ اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر افغانستان میں جنگ کے خاتمے اور مفاہمتی عمل کے لیے کوشاں ہے، امریکی بیانات اور الزامات ان کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
Comments are closed.