اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل کا افتتاح کردیا ہے، پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سٹیزن پورٹل سسٹم پاکستان کے نوجوانوں نے بنایا ہے، اس سسٹم سے سزا اور جزا میں آسانی ہوگی، پہلی بار سب قابل احتساب ہوگئے ہیں۔ اب ہر پاکستانی براہ راست وزیراعظم شکایت سیل پر آسکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایک مقررہ وقت کے اندر ان شکایتوں کا جواب دینا ہے، عوامی آرا سے اپنی پالیسی بنائيں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں عوام اور حکمرانوں کے درمیان ذہنی تعلق مختلف تھا، پرانے پاکستان میں غلامانہ ذہنیت تھی اور یہ ذہنیت کبھی تبدیل نہيں ہوئی۔ ماضی میں عوام کو توقع نہیں تھی کہ حکومت ان کی خدمت کرے گی لیکن کوئی حکومت پہلی بار عوام کو جواب دہ ہوئی ہے۔ نئے سسٹم سے حکمرانوں کو احساس ہوگا کہ انہیں عوام کی خدمت کرنی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے بغیر شرائط کے پیکیج ملا ہے۔ پاکستان کے پاس جو وسائل ہیں وہ کسی اور کے پاس نہیں ان وسائل کو بروئے کار لانے میں رکاوٹ صرف کرپشن ہے، انہوں نے کہا کہ خطے میں پاکستان کے پيچھے رہ جانے کی وجہ گورننس سسٹم کی ناکامی ہے، قرضوں کے پہاڑ سے نکلنے کا طریقہ پاکستان میں سرمایہ کاری لانا ہے، اس سسٹم سے سرمایہ کار بتاسکیں گے کہ انہیں کیا رکاوٹیں آرہی ہیں۔
Comments are closed.