دوحا: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ قطر کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سب سے دوستی کا وژن کامیاب ہورہا ہے، سعودی عرب اور یواے ای کے بعد قطرسے بھی تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد پاکستان کے عرب ممالک سے تعلقات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں، 12 برس بعد قطر جب کہ 30 برس بعد ریاض میں سڑکوں پرسرکاری طورپر پاکستانی پرچم لہرایا گیا جب کہ آئندہ چند ہفتوں میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان پاکستان آ رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی نیت پرشک کیا جارہا تھا اور آج کوششوں کو سراہا جارہا ہے، کل تک جو انگلیاں اٹھاتے تھے، آج تعریف کے کلمات کہہ رہے ہیں، یہ کتنی بڑی تبدیلی ہے، یہ آسان کام نہ تھا اور نہ ہے لیکن تحریک انصاف حکومت نے کوشش کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سالانہ اربوں ڈالرکا گوشت، سبزیاں اورزرعی اجناس قطر کو برآمد کرسکتا ہے، پاکستان قطرکو پھل،سبزیوں اورڈیری آئیٹمز فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، زرعی شعبے میں انفراسٹرکچر سے متعلق قطر کو اہم پیش کش کریں گے۔ پاکستان ، قطر کی غذائی ضروریات کے حوالے سے فوڈ سیکیورٹی دینے کو تیار ہے، پاکستان سے بذریعہ سمندر دو گھنٹے میں تازہ سبزیاں اور زرعی اجناس قطر پہنچ سکتی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان لوگ ماضی کی رنجشیں بھلا کراپنے ملک کے مسقبل کے لئے جب تک نہیں سوچیں گے، پاکستان تنہاء کچھ نہیں کرسکتا، ہم خواہ کتنی ہی نیک نیتی کا مظاہرہ کریں لیکن مسئلے کے حل کے لئے افغان لوگوں کو خود مل بیٹھنا ہوگا جب کہ امریکی سینیٹرنے عمران خان سے اتفاق کیا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔
Comments are closed.