پاکستانی امریکن کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف،گریسی مینشن میں پاکستان ہیریٹیج ڈے تقریب

میئرنیویارک ایرک ایڈمز کی سرکاری رہائش گاہ گریسی مینشن میں پہلی بار پاکستان ہیریٹیج ڈے کی شاندار تقریب منعقد کی گئی جو امریکہ میں پاکستانی برادری کی خدمات کے اعتراف کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ کیلئے اہم سنگ میل ہے۔

تقریب کا آغاز پاکستان میں حالیہ سیلاب متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا، اس موقع پر قونصل جنرل پاکستان نیویارک عامر احمد اتوزئی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز، امریکی سٹی اور اسٹیٹ حکام، سیاسی رہنما، سفارتکار اور پاکستانی نژاد امریکی برادری کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاکستانی کمیونٹی نیویارک کی ترقی میں اہم ستون ہیں، قونصل جنرل

قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے میئر ایرک ایڈمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی میراث 1947 کی آزادی سے کہیں زیادہ پرانی ہے، جو ہزاروں سال پرانی تہذیبوں، ثقافتی تنوع اور کثرت پسندی کی روایات پر مشتمل ہے۔ انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو نیویارک کی سماجی و معاشی ترقی میں ایک اہم ستون قرار دیا جو طب، تعلیم، ٹیکنالوجی، سرکاری خدمات اور فنون لطیفہ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

امریکی پاکستانی پاک امریکہ تعلقات میں پل کا کردار ادا کر رہے ہیں، عاصم افتخار

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے پاکستانی برادری کو پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور دنیا کے ساتھ امن، ترقی اور تعاون کے راستے پر گامزن رہے گا۔

میئر ایرک ایڈمز کا پاکستانی کمیونٹی کی شاندار خدمات پر خراجِ تحسین

میئر نیویارک ایرک ایڈمز نے پاکستانی برادری کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نیویارک کی سماجی، ثقافتی اور معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی شاندار خدمات قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی انتظامیہ دنیا بھر کی کمیونٹیز، بالخصوص پاکستانی برادری کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔

پاکستانی سفارتکاروں نے میئر آفس برائے انٹرنیشنل افیئرز اور کمشنر عیصتہ کیمارا کا شکریہ ادا کیا جن کی حمایت سے یہ تقریب ممکن ہوئی۔ تقریب کا اختتام پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل قرار دینے کے ساتھ ہوا۔

Comments are closed.