غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملوں کے ایک سلسلے میں امدادی ٹرکوں کی حفاظت کرنے والے 12 محافظوں سمیت 58 افراد ہلاک ہو گئے.
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ٹرکوں کو ہائی جیک کرنے کی منصوبہ سازی کرنے والے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا۔
تازہ خونریزی اس امید کے باوجود ہوئی کہ جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی کا کوئی معاہدہ آخر کار کامیاب ہو سکتا ہے۔
امریکہ کے قومی سلامتی کے امریکی مشیر جیک سلیوان نے جمعرات کو کہا تھا کہ علاقائی منظر نامہ کسی معاہدے کے حق میں تبدیل ہو گیا ہے ۔
غزہ کی سول ڈیفینس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں کیے گئے ایک حملے میں سات اورقریبی علاقے خان یونس میں ایک او ر حملے میں پانچ محافظ ہلاک ہوئے۔
ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیل نے ایک بار پھر ان کو نشانہ بنایا جو امدادی ٹرکوں کی حفاظت کر رہے تھے، اگرچہ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کے امدادی ٹرکوں پر حملہ نہیں کرتی۔
بسال نے مزید بتایا کہ ان دو حملوں میں لگ بھگ 30 لوگ زخمی ہوئے جن میں سے بیشتر بچے تھے ۔
بسال نےفلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آٹے سے لدے ٹرک، یو این آر ڈبلیو اے ، یا انروا کے گوداموں کی طرف جارہے تھے ۔
Comments are closed.