ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ، 3 جوان شہید

 راولپنڈی : ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان جام شہادت نوش کر گئے جبکہ دو دہشتگرد ہلاک ہوئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں 43 سالہ صوبیدار شجاع محمد، 32 سالہ نائیک محمد رمضان اور 30 سالہ سپاہی عبدالرحمان شامل ہیں۔ ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔

 دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کی ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

Comments are closed.