اسرائیلی حملوں میں جنوبی لبنان میں دو افراد ہلاک، وزارتِ صحت کی تصدیق

بیروت: لبنان کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ جمعرات کے روز جنوبی لبنان میں اسرائیل کی جانب سے کیے گئے دو الگ الگ حملوں میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے دعوے موجود ہیں، مگر زمینی صورتحال ان دعوؤں کے برعکس دکھائی دیتی ہے۔

وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق پہلا حملہ نبطیہ ضلع میں کیا گیا جہاں ایک اسرائیلی ڈرون نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دوسرا حملہ جنوبی لبنان کے شہر ناقورۃ میں پیش آیا جہاں ایک ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں بھی ایک شخص شہید ہو گیا۔

جنگ بندی کے باوجود کشیدگی برقرار

یہ تازہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سیز فائر کی بات چیت جاری ہے، تاہم وقفے وقفے سے ہونے والے حملے اس معاہدے کی سنجیدگی پر سوالیہ نشان بناتے ہیں۔ دونوں اطراف سے بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے میں مزید بدامنی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

لبنانی حکام اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ شہری ہلاکتوں کو روکا جا سکے۔

Comments are closed.