14 اگست 2025 کو قونصل خانہ جنرل آف پاکستان، بارسلونا میں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد، مقامی ہسپانوی شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، قومی ترانہ پیش کیا گیا اور قونصل جنرل مراد علی وزیر نے پاکستانی پرچم کشائی کی، جس کے دوران شرکاء نے ملک سے وفاداری کے عہد کو دہرایا۔
ملی نغمے اور خراجِ تحسین
تقریب میں سپین میں مقیم پاکستانی فنکار کے ملی نغمے نے سماں باندھ دیا، جبکہ صدر پاکستان، وزیر اعظم اور ڈپٹی وزیر اعظم کے خصوصی پیغامات بھی سنائے گئے۔ آپریشن بنیان مرصوص کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ایک خصوصی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی، جس میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے مناظر شامل تھے۔ اس موقع پر معرکہ حق کے شہداء کو یاد کیا گیا اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی، جبکہ ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
قونصل جنرل کا خطاب
قونصل جنرل مراد علی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ ریاست کے خواب کو حقیقت بنایا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور دیانتداری پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں تمام مذاہب آزاد ہیں، ہم امن پسند قوم ہیں لیکن اگر کسی نے ہماری سرحدوں یا شہریوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب بنیان مرصوص کی طرح دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں عوام کے حوصلے سے جیتی جاتی ہیں اور اس وقت پاکستانی عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
شرکاء اور ثقافتی رنگ
تقریب میں کاروباری حضرات، طلباء، خواتین، نوجوان، سماجی رہنما اور مقامی ہسپانوی مہمانوں نے شرکت کی۔ مہمانوں نے پاکستانی ثقافت، اخوت اور حب الوطنی کے جذبے کو بے حد سراہا۔ تقریب کے اختتام پر روایتی پاکستانی کھانوں سے شرکاء کی تواضع کی گئی جبکہ ملی نغمے اور بچوں کی پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ یہ تقریب نہ صرف یومِ آزادی کا جشن تھی بلکہ پاکستان اور اسپین کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا ایک خوبصورت موقع بھی ثابت ہوئی۔
Comments are closed.