عمران خان انتقامی کارروائیاں ترک کر کے سیاست کو سمجھیں، خورشید شاہ

سکھر: پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیاسی انتقام کیلئے  کارروائیاں شروع کردی ہیں، عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور سیاست کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

سکھر میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ذریعے سنا کہ میرے خلاف نیب نے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ انہوں نے اپنے رشتہ داروں کو اراضی الاٹ کرائیں، ان کا کہنا تھا

.”یہ حقیقت ہے کہ مجھے بہت سی پیشکش ہوئیں لیکن میں نے اپنے ضمیر کو نہیں بیچا، کیوں کہ مجھے علم تھا کہ میں نے ایک انچ زمین بھی لی تو کسی چور کو روک نہیں سکوں گا، دعوے سے کہتا ہوں کہ کوئی ثابت کردے کہ مجھ سمیت میرے اہل خانہ اور خاندان کے کسی فرد کو ایک ایکڑ زمین بھی الاٹ کی گئی ہو”۔

خورشید شاہ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ عام ملازم سے اتنے بڑے منصب تک کیسے پہنچ گیا؟ ملازمت ہی نہیں بلکہ مزدوریاں بھی کیں، کالج کے زمانے سے سیاست شروع کی اور محنت کرکے اس مقام تک پہنچا، جب سیاست شروع کی اس وقت لوگ سیاست کے ‘س’ سے بھی واقف نہیں تھے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نئی حکومت نےعوام کوسہانےخواب دکھائے اور اقتدار ملتے ہی بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھا دیں، عوام پر منی بجٹ کا بم گرا دیا گیا اور اب حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، شہبازشریف نے آشیانہ اسکیم شروع کی تو انہیں جیل بھیج دیا گیا، ملک میں احتساب وہ ہو جو نظر آئے، وہ احتساب نہ ہو جو انتقام پر مبنی ہو، انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”لڑائیوں میں پھنس گئے تو آپ کا نام سیاست سے ختم ہوجائے گا”۔

Comments are closed.