مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کا کریک ڈاؤن،1 کشمیری شہید6 زخمی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی خودمختاری پرکاری وار کرنے والی مودی سرکار نے کسی ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے وادی بھر میں فوجی کریک ڈاؤن جاری کر رکھا ہے۔ جس کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید اور 6 کو زخمی کردیا ہے۔

بھارتی حکومت نے اپنے سیاہ قانون اور ظالمانہ اقدام پر کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے قابض بھارتی فورسز نے کارروائیاں تیز کردی ہیں، پوری وادی فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوچکی ہے جب کہ ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے مقبوضہ وادی میں فوجی کریک ڈاؤن کے دوران ایک کشمیری شہید جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے آج تیسرے روز بھی وادی بھر میں سخت کرفیو نافذ ہے۔ تمام شاہراہیں بند ہیں اور جگہ جگہ ناکے لگا کر کشمیریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، رات بھر گولیاں چلنے کی کان پڑی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ انٹرنیٹ سروس معطل ہے اور کئی شہروں میں ٹیلی فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔

دوسری جانب حریت پسند رہنماؤں سمیت بھارت نواز سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ تاحال بھارت کی غیر قانونی حراست میں ہیں جب کہ عوامی اجتماعات اور ریلیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

Comments are closed.