برطانوی شاہی جوڑے کا تاریخی دورہ پاکستان، صدرمملکت اور وزیراعظم سے ملاقاتیں

اسلام آباد: برطانوی شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا تاریخی دورہ پاکستان جاری ہے، شاہی جوڑے نے پہلے روز صدرمملکت اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کیں، اسلام آباد کے سرکاری اسکول اور مارگلہ ہلز پر نیشنل پارک کا دورہ بھی کیا۔

شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت عارف علوی نے جبکہ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر عمران خان نے استقبال کیا۔ صدر عارف علوی اور شہزادہ ولیم کے درمیان خوشگوار ماحول میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

مختصر ملاقات کے بعد معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہزادی کیٹ مڈلٹن مسکراتی ہوئیں گاڑی سے اتریں اور وزیراعظم عمران خان سے ہاتھ ملایا، شہزادہ ولیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفید شلوار قمیض اور سیاہ ویسٹ کوٹ میں ملبوس وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہی مہمانوں کے چہرے خوشی سے تمتما رہے تھے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں معاون خصوصی زلفی بخاری، فردوس عاشق اعوان ثانیہ نشتر، شیریں مزاری، شفقت محمود کے علاوہ برطانوی ہائی کمیشن کے افسران، اعلی سول اور فوجی افسران بھی شریک ہوئے۔

شاہی جوڑے کا اسکول اور مارگلہ ہلز پر سیاحتی مقام کا دورہ

قبل ازیں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن نے گرلز ہائی سکول اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں شاہی جوڑے نے سکول کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن سکول میں بچیوں میں گھل مل گئے، شاہی جوڑے نے سکول میں ریاضی کی کلاس کا معائنہ کیا، شہزادہ ولیم اور اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے سکول کے مختلف حصے دیکھے۔

سکول انتظامیہ نے شاہی جوڑے کو سکول سے متعلق بریفنگ بھی دی، شاہی جوڑے کو پاکستان میں نظام تعلیم سے متعلق بریف کیا گیا، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

برطانوی شاہی جوڑے نے مارگلہ ہلز میں بنے ٹریل فائیو پر بھی گئے جہاں انہوں نے پہاڑیوں کے دامن میں بہتے چشمے اور سرسبز نیشنل پارک کی سیر کی اور حکام نے انہیں ماحولیات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ شاہی جوڑا مارگلہ نیشنل پارک کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوا۔

شاہی مہمانوں کے دورہ پاکستان کا شیڈول

برطانوی شاہی جوڑا 16 اکتوبر  کو چترال کا دورہ کرے گا جہاں وہ مقامی افراد سے بھی ملے گا اور شمالی علاقہ جات کے پرفضا مقامات کی سیر کرے گا۔ برطانوی شاہی مہمان صوبہ خیبر پختونخوامیں درہ خیبر، قلعے کا دورہ بھی کریں گے۔

شاہی جوڑا 17 اکتوبر کو لاہور میں ایس او ایس ویلیج، ایچی سن کالج جائے گا۔ شہزادہ اور شہزادی شوکت خانم ہسپتال بھی جائیں گے۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر تاحال بادشاہی مسجد، مینار پاکستان کا دورہ حتمی نہیں۔ شہزادہ ولیم اور اہلیہ 18 اکتوبر کو فیصل مسجد جائیں گے، اسی روز دوپہر ڈیڑھ بجے نور خان ایئر بیس سے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پرنس ولیم کی والدہ شہزادی ڈیانا نے 1996 میں پاکستان کا ایک دورہ کیا تھا جبکہ 2006 میں پرنس ولیم کے والد پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کامیلا پاکستان آئیں۔ اس کے علاوہ برطانوی ملکہ الزبتھ بھی 1961 اور 1997 میں پاکستان کے سرکاری دورے کر چکی ہیں۔

Comments are closed.