اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ اور احتجاجی دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا۔ وزراء مہنگائی پر قابو پانے کے لئے توجہ مرکوز کریں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں معاون صحت ظفر مرزا نے میڈیکل بل 2019 پر بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی رکن ڈاکٹر رمیشن کمار نے میڈیکل بل کی بعض شقوں پر اعتراض کیا اور کہا کہ قانون سازی سے متعلق ارکان پارلیمنٹ کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے، خود بھی ڈاکٹر ہوں مجھ سے بھی مشورہ کر لیتے، جس پر وزیراعظم نے ڈاکٹر رمیش کمار کو جھاڑ پلاتے ہوئے اپنی نشست پر بیٹھنے اور بریفنگ سننے کی ہدایت کی
وزیراعظم نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے کو دکانداری بنا دیا گیا ہے، یہ لوگ انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں، یہ لوگ اپنے میڈیکل کالج چلارہے ہیں اوربورڈ کے ممبران بھی ہیں، صحت کے شعبے میں اصلاحات لا کر ان کا قبلہ درست کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے آزادی مارچ سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فکر نہ کریں، دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا، مہنگائی کے خلاف میرا ساتھ دیں، ذخیرہ اندوزوں نے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی ہوئی ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم کے سامنے کراچی کے مسائل کا ذکر کیا گیا تو وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات بدتر ہو چکے، سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اشیائے ضروریہ کی وافر فراہمی اور قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے اجلاس نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی فرد بھوکا نہ سوئے۔ تحریک انصاف حکومت ریاست کا یہ فرض پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ذمہ داری نہ صرف اشیائے ضروریہ کی وافر فراہمی کو یقینی بنانا ہے بلکہ ان کی قیمتوں پر بھی قابو پانا ہے تاکہ کم آمدنی والے اور غربت کے شکار افراد اور خاندانوں کو ضرورت کی بنیادی اشیا باآسانی میسر آئیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پراشیائے ضروریہ کی وافر فراہمی اور غریب افراد کے لئے ان اشیا کی کم قیمت پر فراہمی سے متعلق تجاویز کو فوری طور پرحتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر عملدرآمد کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Comments are closed.