کشمیریوں کی مذہبی آزادی غصب،وادی میں عیدمیلاد النبیؐ کے اجتماعات پر پابندی

سری نگر/ اسلام آباد: بھارت کی غاصب حکومت نے ایک اور ظلم کی انتہا کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ کے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھارتی اقدامات کی مذمت، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پہلی بارحضرت بل کی درگاہ پرعید میلاد النبی ﷺ منانے پر پابندی ہے جبکہ اس کے علاوہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی مسلمانوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ ادھراطلاعات ہیں کہ بھارتی فوج نے چیئرمین سیرت کمیٹی مولانا قیوم کو گرفتار کر لیا ہے۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جبر اور پابندیوں کو 98 ویں روز ہو چکے ہیں۔ حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ عوام بی جے پی اور آر ایس ایس سے ملے غداروں پر نظر رکھیں۔

مقبوضہ وادی میں کرفیو اور لاک ڈاؤن 5 اگست سے جاری ہے۔ جگہ جگہ بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ سری نگر سمیت تمام بڑے شہروں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ نا ہونے کے برابر ہے۔ تعلیمی اداروں پر بھی تالے ہیں۔

ضلع کشتواڑ میں بھارتی فورسز نے تین نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ بھارت کی ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں عید میلاد النبی ﷺ منانے پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے وادی میں 12 ربیع الاول کے جلوس نکالنے سے روکا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں مساجد بھی سیل کر دی ہیں۔ فوج نے درگاہ حضرت بل کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے۔

پاکستان کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں فوری موبائل سروس اور انٹرنیٹ بحال کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے تمام امت مسلمہ کو جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک باد دی۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو آج بھی بارہ ربیع الاول منانے کی اجازت نہیں، درگاہ حضرت بل میں میلاد مصطفیٰ صلی الله عليه وسلم پر پابندی عائد ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں مسجد میں داخلے پر مکمل عائد رکھی ہے، کشمیری مسجد میں نماز جمعہ بھی ادا نہیں کر سکتے، بھارت حکومت اور  نو لاکھ فوج نے کشمیر کو جیل میں بدل رکھا ہے، انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے ظلم وستم کا نوٹس لے۔

Comments are closed.